لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کو رکوانے کے لئے اقوام متحدہ میں بھرپور آواز اٹھائے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وفاقی حکومت میں آنے کے بعد خود آزمائش سے دو چار ہوئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ عوام چاہتے ہیں پی ٹی آئی نے جو منشور پیش کیا اس پر عملدر آمد ہو، اسلامی ریاست کے قیام کے لئے حکومت سے تعاون کریں گے۔
جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے متنازعہ مقابلوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کو رکوانے کے لئے اقوام متحدہ میں بھرپور آواز اٹھائے۔
جماعت اسلامی کے مرکزی امیر کا کہنا ہے کہ حکومت اسلامی تعاون کی تنظیم کا اجلاس بلا کر پاکستانیوں کی ترجمانی کرے۔
مزید پڑھیں : تحفظ ناموس رسالت مارچ چودہ ستمبر کو راولپنڈی میں کیا جائے گا، سراج الحق
یاد رہے کہ سینیٹر سراج الحق نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس ملک کی نئی نسل نے پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنانا ہے، نوجوان ہی ملک و ملت کا مستقبل اور حقیقی سرمایہ ہیں، وطن عزیز پاکستان میں حقیقی تبدیلی نوجوانوں کے ذریعے ممکن ہے۔
سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملہ پر پوری قوم متحد ہے، چودہ ستمبر کو راولپنڈی میں تحفظ ناموس رسالت مارچ کیا جائے گا۔