اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے کل ڈی چوک پر احتجاج سے متعلق حتمی فیصلہ آج پارٹی میٹنگ میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کے اعلان کے پیش نظر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اجلاس طلب کرلیا۔
رہنما شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی قیادت،ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور عہدیداران شریک ہوں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 15 اکتوبر کو اسلام آباد احتجاج کے انتظامات اورتیاریوں کاتفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور احتجاج میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
شیخ وقاص نے مزید کہا کہ پارٹی قائدین اورعوامی نمائندوں کوذمہ داریاں بھی تفویض کی جائیں گی۔