راولپنڈی: پی پی 17 راولپنڈی سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ماجد ستی پر ملزمان نے فائرنگ کر کے ان سے گاڑی چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے حلقے سترہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ماجد حسین ستی پر ناکہ لگا کر فائرنگ کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ان پر فائرنگ کی اور ان کی گاڑی بھی چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں نے آئی جے پی روڈ پر ناکہ لگا کر ماجد حسین ستی سے گاڑی چھینی اور مزاحمت پر فائرنگ کی، وہ شیخ رشید کے افطار ڈنر سے واپس گھر جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ آئی نائن اور تھانہ سبزی منڈی کی پولیس موقع پر پہنچ گئی تھی، جائے واقع سے شواہد لے کر سبزی منڈی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔