اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ بالکل اندازہ نہیں تھا روس یوکرین تنازع شروع ہونیوالاہے ،روسی صدر سے ملاقات سے انکار پر پاکستان کے تعلقات خراب ہوسکتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں دورہ روس کے حوالے سے بتایا کہ وعدہ کرتا ہوں دورے پر بالکل اندازہ نہیں تھا روس یوکرین تنازع شروع ہونیوالاہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف ایک رات روس میں ٹھہرا تھا اور روسی صدر سے ملاقات سے ایک گھنٹہ پہلے معلوم ہوا کہ تنازع شروع ہوگیا ،ایسے میں روسی صدر سے ملاقات سے انکار پر پاکستان کے تعلقات خراب ہوسکتے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ ماسکو میں بیان دیا تھا کہ دنیا میں کسی بھی مسئلے کا حل ملٹری آپریشن نہیں ہے۔۔
افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام کو خود فیصلہ کرنے دیں ، افغان عوام خود مختار اور سمجھ دار ہیں۔