کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے ملتوی کرنے کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے التوا کے خلاف درخواست دائر کردی۔
درخواست تحریک انصاف کی ایگزیکٹوکمیٹی سندھ کے رہنما اشرف قریشی نے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست میں الیکشن کمیشن نے خود کہا تھا ملتوی نہیں کرسکتے ، اخراجات زیادہ ہوچکےہیں انتخابات ہوناضروری ہے۔
رہنما اشرف قریشی نے کہا کہ بیلٹ پیپر چھپ چکے تھے اربوں روپے کے اخراجات ہوچکے تھے، بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ امیدوارحصہ لے رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کے حکم کو فوری معطل کیا جائے اور اسی ہفتے سندھ میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کرائے جائیں۔
اشرف قریشی کا کہنا تھا کہ انتخابی فہرستوں میں ردوبدل کردیا گیا ہے، پیپلزپارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں شکست واضح نظر آرہی تھی، بلدیاتی انتخابات فوری کرانا بہت ضروری ہے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے سندھ میں دوسرے مرحلے میں اتوار 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے تھے۔
بعد ازاں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے التوا ء کی وجوہات سامنے آئی تھیں ، جس میں بتایا گیا تھا کہ التوا کی سفارشات میں مون سون کے موسم سے لے کر کورونا کے پھیلاوٴ کو بھی بنیاد بنایا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے کہا کہ کراچی و حیدرآباد میں بھی اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات نے 23 اور24جولائی کو شدید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ زیادہ بارش کے نتیجے میں پولنگ اسٹیشنز کی عمارتیں زیر آب آسکتی ہیں، پولنگ کے لیے متبادل عمارات نہ ہونے کے سبب الیکشن کا عمل مشکلات کا شکار ہوگا۔