لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب ہونے کا نوٹیفکیشن چیلنج ہو گیا، سبطین خان نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کر دی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی طور پر درست نہیں ہے، ان کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد تمام اقدامات کالعدم ہو چکے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حمزہ شہباز نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حلف اٹھایا ہے، جب کہ حلف گورنر کے خط کی روشنی میں غیر آئینی ہے، عثمان بزدار اور کابینہ بحال ہو چکی ہے۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ عثمان بزادر بطور وزیر اعلیٰ عہدے پر برقرار رہیں گے، ایک ہی صوبے میں 2 وزرائے اعلیٰ نہیں ہو سکتے، اس لیے حمزہ شہباز کو بطور وزیر اعلی ٰ کام کرنے سے روکا جائے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ حمزہ شہباز کا وزیر اعلیٰ کا جاری نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دیا جائے۔