جمعرات, جون 26, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی کا چیف جسٹس پاکستان سے بانی کے مقدمے نہ سننے کا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے اڈیالہ جیل میں قید بانی چیئرمین کے مقدمے نہ سننے کا مطالبہ کر دیا۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کی تحقیقات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے تحقیقات کی آڑ میں نئے مقدمے کے اندراج کا جواز بنایا جا رہے ہے۔

اعلامیے کے مطابق کور کمیٹی نے حمود الرحمان کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا۔

کور کمیٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی افواج کے کردار کی ہمیشہ سے معترف ہے، افواج پاکستان کو کبھی تنقید کا نشانہ بنایا اور نہ بنائیں گے، 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی تائید کرتے ہیں اور فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے نکتے کی اصولاً تائید کرتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی 9 مئی سے متعلق عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتی آئی ہے، 9 مئی پر غیر جانبدار عدالتی کمیشن تشکیل دے کر تحقیقات کی جائیں، 9 مئی کو ہائی کورٹ سے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا حکم کس نے دیا؟ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سمیت 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کہاں ہیں؟

اجلاس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے پی ٹی آئی سے متعلق مقدمات سے الگ کرنے کا باضابطہ مطالبہ کرنے کی منظوری دی گئی۔

کور کمیٹی نے کہا کہ چیف جسٹس کا ہمارے مقدمات کی سماعت کرنا منصفانہ ٹرائل پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کے تنظیمی امور کو متحرک کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا اور ملک گیر پُرامن احتجاج کی تیاریاں فی الفور مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عنقریب ملک گیر پُرامن احتجاج کی کال دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں