12.6 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

’صدر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کیا تو۔۔۔‘؛ پی ٹی آئی کا اہم بیان سامنے آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے صدر مملکت عارف علوی سے عام انتخابات کی تاریخ کے بلا تاخیر اعلان کا مطالبہ کر دیا۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے فوری تعین کیلیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دستورِ پاکستان کی رو سے اقتدارِ اعلیٰ کی مالک خدائے بزرگ و برتر کی ذات ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کو آئینی، سیاسی، جمہوری، انتظامی اور معاشی مسائل کا سامنا ہے، اپریل 2022 میں غیر آئینی اقدام نے ریاستی ڈھانچے میں فساد کو جنم دیا، ہر گزرتے دن کے ساتھ اس ہیجان و اضطراب میں شدت آ رہی ہے۔

- Advertisement -

کور کمیٹی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں بالترتیب 14 اور 18 جنوری 2023 کو تحلیل کی گئیں لیکن پی ڈی ایم حکومت نے آئین کے مطابق 90 روز میں انتخابات سے گریز کیا، سپریم کورٹ کے 4 اپریل 2023 کے فیصلے سے یکسر انحراف نے آئین شکنی کا دروازہ کھولا۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ انتخابات نہ ہونے سے دوسری جانب قوم میں گہری تشویش کو جنم دیا، پاکستان کو درپیش بحرانوں کے حل کیلیے جمہوری حکومت کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔

اعلامیے کے مطابق آرٹیکل 48 فائیو صدر کو انتخابات کیلیے 90 روز کے اندر تاریخ کے تعین کا پابند کرتا ہے، صدرِ مملکت اپنا دستوری فریضہ نبھائیں اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔

پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین کی بالادستی صدر مملکت کے منصب کا کلیدی تقاضا ہے، تاریخ کا اعلان نہ کیا تو صدر آئین کی بے حرمتی اور آئینی و جمہوری حقوق پامالی کے ذمہ دار ہوں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں