لاہور ہائیکورٹ میں لیگی رہنما رانا ثنااللہ کےخلاف توہین عدالت کی نئی درخواست دائر کردی گئی۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ ملک نے رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ نے 30 جنوری کو عدلیہ اور ججز کیخلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے۔
رانا ثنااللہ کا عدلیہ اور ججز کیخلاف بیان سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو چکا ہے ۔راناثنااللہ نے اپنے بیان میں نہ صرف ججز کو دھمکیاں دیں بلکہ عدلیہ کو متنازعہ بھی بنایا ۔ سپریم کورٹ اسی نوعیت کے کیسز میں نہال ہاشمی، طلال چودھری اور دیگر کیخلاف کارروائی کر چکی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ رانا ثنااللہ کو طلب کر کے عدلیہ مخالف بیان دینے پر وضاحت مانگی جائے اور بیان بازی پر رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔