اسلام آباد : پی ٹی آئی نے 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے جلسے سے متعلق مشاورت مکمل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق 8 جون کو اسلام آباد جلسے سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین بیرسٹرگوہر، سیکریٹری جنرل و اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، علی امین گنڈا پور،اسدقیصر ،رؤف حسن ،فردوس شمیم سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے 8 جون کو روات کے مقام پر جلسے کی اجازت سے انکار کیا۔
جس پر تحریک انصاف نے 8 جون کو روات کے مقام پرجلسہ نہ کرنے اور ضلعی انتظامیہ کا اجازت نامہ عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔
تحریک انصاف نے روات میں جلسے کی اجازت نہ دینے کوبد نیتی قراردیتے ہوئے کہا پرامن جلسہ کرناہماراجمہوری اور آئینی حق ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے جلسے کو سبوتاز کرنے اور خلل ڈالنے کیلئے دوردرازمقام طےکیا، انتظامیہ ایف 9 پارک، پریڈ گراؤنڈ یا ترنول کےمقام پرجلسےکی اجازت دے۔
تحریک انصاف کی قیادت نے 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی جلسے سے متعلق مشاورت مکمل کرلی۔
ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا ہے کہ 8 جون کو سوات میں عظیم الشان جلسہ ہوگا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کی پوری قیادت جلسےمیں شریک ہو گی۔