اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کی احتجاج کی کال واپس نہ لینے کا فیصلہ کرلیا ، پاکستان بھر کے ہر شہر سے قافلے اسلام آباد کی طرف اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے رات گئے ہونے والے اہم اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا ، اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کی احتجاج کی کال واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے مطابق پُرامن احتجاجی تحریک کا آغاز 24 نومبر کو ہوگا، پاکستان بھر کے ہر شہر سے قافلے اسلام آباد کی طرف اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔
اعلامیے میں کہنا تھا کہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اہداف حاصل نہیں کرلیے جاتے، بے گناہ لیڈران، کارکنان اور بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، 26 ویں آئینی ترمیم کی تنسیخ اور 8 فروری کا حقیقی مینڈیٹ بحال کیا جائے۔
اعلامیہ کا کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی نے بگڑتی معاشی صورتحال اور بڑھتی دہشت گردی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے معاملات کے فوری حل کے زمرے میں حکومتی بے حسی پر شدید تنقید کی گئی۔
مزید پڑھیں : محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے رابطہ : جلوس یا دھرنے کی اجازت دینے سے انکار
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا تھا ، وفاقی وزیر داخلہ نے بیرسٹر گوہر کو عدالتی آرڈر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وزیرداخلہ نے صدر بیلاروس کی قیادت میں وفدکی مصروفیات وتفصیلات سےبھی آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیلا روس کا اعلیٰ سطح کا وفد 24 نومبر کو پہنچ رہا ہے،بیلاروس کے صدر 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے اور وفد 27 نومبر تک اسلام آباد رہے گا۔