کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کرے گی، وفد کو عارف علوی کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح پاکستان تحریک انصاف کا وفد بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچا۔ وفد میں صدارتی امیدوار عارف علوی، وزیر دفاع پرویز خٹک، اور جہانگیر ترین شامل تھے۔
تحریک انصاف وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ بریفنگ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وفد کی آمد پر مشکور ہیں۔ تحریک انصاف کے ساتھ اچھے ماحول میں حکومتی سازی کا حصہ بنے۔ بلوچستان پاکستان کا زمینی لحاظ سے بڑا صوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پسماندگی کے لحاظ سے بلوچستان بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ بلوچستان کے حالات کی تبدیلی کے لیے تحریک انصاف کے اتحادی بنے، پیکج، ترمیم یا مذاکرات کے ذریعے بلوچستان تبدیل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ نئے بلوچستان کے لیے محنت کریں گے۔ بلوچستان عوامی پارٹی صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کرے گی، وفد کو عارف علوی کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
صدارتی امیدوار عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کرنے پر مشکور ہوں۔ بلوچستان کے نمائندے کہتے تھے وعدہ ہوتا ہے لیکن عمل نہیں ہوگا۔ عمران خان کو جانتاہوں وعدہ کرتے ہیں تو پورا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بدلنے کے لیے تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کوشاں ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ بلوچستان کے حالات تبدیل کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو حصہ مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، حالات ایسے ہوں گے کہ وفاق بلوچستان میں حصہ ڈالے گا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پروٹوکول میں دوستوں کی گاڑیاں ہوتی تھیں۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال وزیر اعلیٰ رہا 2 گاڑیوں میں گھوما کرتا تھا۔ پروٹوکول سے متعلق اہم اقدامات کرنا ہوں گے۔ پروٹوکول کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہونی چاہئیں۔