کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے وفد نے سندھ میں اپوزیشن الائنس بنانے کے سلسلے میں ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ اور جمال صدیقی پر مشتمل پی ٹی آئی وفد نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کنور نوید، خواجہ اظہار الحسن اور محمد حسین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں سندھ میں مشترکہ اپوزیشن بنانے کے سلسلے میں بات چیت کی گئی، سندھ میں وزیرِ اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے بھی امیدوار لانے پر بات کی گئی۔
دوسری طرف تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہوگا۔
پی ٹی آئی کراچی میں ڈبل ڈیکر بس چلائے گی
عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، خیال رہے کہ عمران اسماعیل کو گورنر سندھ کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی اور خوش حالی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، سب کے ساتھ مل کر چلیں گے۔