بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

اتحادیوں کو منانے کا مشن،جہانگیرترین اور پرویزخٹک آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : اتحادیوں کو منانے کے مشن پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور وزیر دفاع پرویزخٹک آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے، جہاں ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی اوررابطہ کمیٹی سےملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے وزارت سے مستعفی ہونے کے بعد انہیں منانے کی کوششیں تیز کردی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر جہانگیر ترین اور پرویز خٹک آج کراچی پہنچیں گے۔

جہانگیرترین، پرویزخٹک اور اسدعمر3بجے ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے ، جہاں وہ ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی اوررابطہ کمیٹی سےملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کومنانےاور ان کے تمام جائز مطالبات اور تحریری معاہدے کے حوالے سے عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا،وفد مطالبات جلد پورا کرنے کی یقین دہانی اور وزیراعظم کا خصوصی پیغام بھی پہنچائے گا۔

مزید پڑھیں : وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوادیا

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کا واضح موقف ہے کہ جب تک شہری سندھ کے مسائل حل نہیں ہوتے اور معاہدوں پر عمل نہیں ہوتا تو بات چیت اگے نہیں بڑھ سکتی۔

یاد رہے اس سے قبل 12 جنوری کو ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے استعفی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے دوسرے ہی روز 13 جنوری کو وفاقی وزیر اسد عمر ایم کیو ایم پاکستان کو منانے بہادرآباد گئے تھے تاہم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنا فیصلہ واپس لینے سے صاف انکار کردیا تھا اور پھر 16 جنوری کو اپنا استعفی بھی وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کردیا تھا۔

دوسری جانب گورنرسندھ عمران اسماعیل نے آج دوپہر1بجے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ، جس میں وزیردفاع پرویزخٹک، جہانگیرترین سمیت پی ٹی آئی کے قومی وصوبائی اسمبلی کے ممبران شرکت کریں گے، اجلاس میں ایم کیوایم اورجی ڈی اےکومنانے کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں