اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت بانی سے ملاقات کرانے سے مشروط کر دی۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اور سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں قومی سلامتی کمیٹی کے بند کمرہ اجلاس میں شرکت پرغورکیا گیا۔
کمیٹی ارکان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر اجلاس میں شرکت نہ کی جائے، جس کے بعد اجلاس میں طےپایا کہ قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس سے قبل حکومت بانی پی ٹی آئی کی پارٹی عہدیداروں سےملاقات کرائے،عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کی صورت میں اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈرعمرایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا، جس میں کہا گیا قومی سلامتی سے جڑے معاملات پر بانی سے مشاورت ضروری ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے بھی اسپیکر ایاز صادق سے یہی مطالبہ کیا تھا۔ عامر ڈوگر نے تین پی ٹی آئی ارکان کی بانی سے ملاقات کا کہا تھا، بتایا جا رہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت کو پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا دیا ہے۔
دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی، اس فیصلے میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے، فیصلہ اپوزیشن کی مشترکہ مشاورت سے کیا گیا ہے۔