لاہور : تحریک انصاف نے حکومت سے عمران خان کی سیکیورٹی مانگ لی اور سی سی پی اولاہور سے خط میں سیکیورٹی کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دورہ لاہور کے لئے حکومت سے عمران خان کی سیکیورٹی مانگ لی۔
اس حوالے سے پارٹی قیادت کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو خط لکھ دیا گیا ، جس میں سی سی پی او سے سہہ پہر 4سے رات 10بجےتک سیکیورٹی کی درخواست کی گئی ہے۔
خظ میں کہا گیا کہ عمران خان کل لاہور میں 4 مقامات پر ضمنی انتخاب کے سلسلے میں اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کل 3بجے سہ پہر لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ پی پی 168 میں سہ پہر 4بجے ، پی پی 158 میں شام 5 بجے ، پی پی 170 میں شام 6 بجے اور پی پی 169 میں ورکر کنونشن سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخاب والے پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی کنونشن کا انعقاد کیا جائےگا، چیئرمین تحریک انصاف نے بھر پور انتخابی مہم کی ہدایت جاری کر رکھی ہیں۔