اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لئے این او سی دینے کی درخواست مسترد کردی گئی ، ضلعی انتظامیہ نے کہا لوگوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے جوعوام کے مفاد میں نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے لئے این او سی دینے کی درخواست مسترد کردی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی رہنما کو وجوہات کے ساتھ جوابی خط لکھ دیا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ جی نائن اور ایچ نائن کے درمیان والی جگہ موزوں نہیں ، لوگوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے جوعوام کے مفاد میں نہیں کیونکہ مارچ کے باعث راستے بند ہوں گے، ایئر پورٹ کا راستہ بھی بند ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ حکم پر ایسی جگہ اجازت نہیں دی جا سکتی، تمام وجوہات کے باعث درخواست مسترد کی جاتی ہے۔
یاد رہے تحریک انصاف نے حقیقی آزادی مارچ کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو خط لکھ دیا، جس میں اسلام آبادانتظامیہ کو 25مئی کی احتجاجی تحریک سے آگاہ کرتے ہوئے سیکیورٹی سمیت دیگرانتظامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
علی اعوان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈحکومت کےخلاف احتجاج ہماراآئینی اورقانونی حق ہے، عوام کسی صورت مسلط شدہ حکومت کوتسلیم نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کیلئے ضلعی انتظامیہ سے اجازت لینے کے معاملے پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راناوقاص نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے رائے مانگی تھی۔