سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے اور ساتھ ہی سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کی سخت مذمت کی ہے اور سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے۔ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ کوئی شہری ایسا نہیں جو 9 مئی کے واقعات کی مذمت نہ کرے۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ بے گناہ لوگوں کو رہا کیا جائے جب ک تمام پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی ذات سے بڑھ کر سوچیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 3 سال 7 ماہ صوبے کے عوام کی خدمت کی اور اس حوالے سے میرا ضمیر مطمئن ہے۔ 14 ماہ سے اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ میں ملک کی ترقی کے لیے دعا گو ہوں اور موجودہ صورتحال میں کچھ عرصے کے لیے سیاست سے وقفہ لے رہا ہوں۔
واضح رہے کہ آج سابق وزیر دفاع اور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا جب کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے کئی مرکزی رہنما جن میں فواد چوہدری، عامر کیانی، شیریں مزاری، عمران اسماعیل، علی زیدی، جمشید چیمہ، مسرت چیمہ، ملیکہ بخاری، فیاض چوہان سمیت درجنوں مرکزی اور صوبائی رہنما پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں جب کہ اسد عمر نے پارٹی کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔