اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وفاق اور پنجاب میں آئینی بحران اس بات کا اشارہ ہے کہ ملک عام انتخابات کی طرف جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فیصل جاوید نے کہا کہ انشاء اللہ ملک الیکشن کیطرف جارہا ہے، پنجاب میں وزیر اعلیٰ کا الیکشن غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، جہاں آئین کو نظر انداز کیا گیا، بعد میں عدالتی حکم بھی آیا کہ منحرف کا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔
فیصل جاوید نے لکھا کہ پنجاب اور وفاق میں آئینی بحران ہے، قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے لئے ہاؤس پورا نہیں، واحد حل الیکشن ہے۔
انشاء اللہ ملک الیکشن کیطرف جارہا ہے -اسوقت پنجاب اور وفاق میں آئینی بحران ہے-پنجاب میں وزیر اعلیٰ کا الیکشن غیر قانونی-غیر آئینی ہے-آئین کو نظر انداز کیا گیا-بعد میں عدالت نے بھی حکم دیا منحرف ووٹ شمار نہیں ہونگے-وفاق میں کوئی
آئینی ترمیم کے لیے ہاؤس پورا نہیں-واحد حل الیکشن ہیں— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) June 29, 2022
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ آج وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری سے متعلق اہم ترین فیصلہ سنانے جارہی ہے، عدالت عالیہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھی واضح حکم دیا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں پر نوٹی فیکیشن جاری کیا جائے۔
ادھر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد تحریک انصاف کے مستعفی ارکان اسمبلی کے استعفیٰ منظور کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور ایوان میں استعفیٰ دینے کا اعلان کرنیوالے ارکان کے استعفوں کو منظور کیا جائیگا۔