کراچی: تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی کے لیے پی پی کو ایک اور موقع دیا ہے اب پی پی کے پاس آخری آپشن پھروفاق اپنےآپشن استعمال کرےگا۔
ایک بیان میں خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کوسرجوڑکربیٹھنا ضروری ہے، صوبائی مشاورتی کمیٹی کی تشکیل کراچی کے عوام کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس موقع ہے وہ کراچی کے حالات بدلے، پی ٹی آئی ہر وہ راستہ اختیار کرے گی جو عوام کے مفاد میں ہوگا پی ٹی آئی نے سندھ حکومت کو کام کرنے کاایک اور موقع فراہم کیاہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ قیادت کا کراچی کی مقامی سیاسی جماعتوں سےاتحاد کا فیصلہ خوش آئندہے، نالوں کی صفائی ہویاسڑکوں کی مرمت عوام نےبہت سال برداشت کیا،وزیراعظم عمران خان کراچی کے لیے سنجیدہ ہیں امید ہےکمیٹی ممبران کراچی کے حق میں بہترین فیصلے کریں گے۔
واضح رہے کہ کراچی کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف ایک پیج پر آ گئے ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کراچی کی بحالی، معاشی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے تینوں جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنے، مشترکہ حکمت عملی بنا کر آگے بڑھنے اور ساتھ چلنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
کراچی میں لگنے والی بڑی بیٹھک میں تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، ذرایع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، اور میئر کراچی وسیم اختر شامل تھے، پی ٹی آئی کی طرف سے وفاقی وزیر علی زیدی اور اسد عمر نے شرکت کی۔
ذرایع کے مطابق ملاقات میں کراچی کی ترقی، نئے ترقیاتی منصوبوں، پانی، سیوریج، ٹرانسپورٹیشن، نالوں کی صفائی، انفرا اسٹرکچر کی بحالی، انکروچمنٹ کے خاتمے سمیت دیگر امور پر حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔