لزبن: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھوں بدلے گی، صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی کا ورلڈیوتھ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نوجوانوں کے لیے تیزی سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی بار نوجوانوں کیلئے اسٹریٹیجک روڈمیپ تشکیل دیا، "کامیاب نوجوان پروگرام” موجودہ حکومت کا لینڈمارک منصوبہ ہے۔
عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم نوجوانوں کی تعمیروترقی میں مددگار ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا نوجوانوں کے لیے “نیا پاکستان یوتھ پروگرام”لانچ کرنے کا فیصلہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں 68فیصد نوجوان ملکی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے بڑا پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم منصوبے کا باقاعدہ اعلان خود کریں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کےقیام میں نوجوانوں کا کردارفراموش نہیں کرسکتے۔