اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے تحریری مطالبات آج حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے گی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر مذاکرات سے پرامید ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا اجلاس آج ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس میں تحریک انصاف تحریری مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے گی، جس میں کہا ہے کہ سیاسی قیدی رہا کرو اور 9 مئی اور چھبیس نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بناو۔
کمیٹیوں کا ان کیمرا مذاکرات کا تیسرا دور آج ساڑھے گیارہ بجے ہوگا، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹرگوہر تیسری بیٹھک کامیاب ہونے کے لیے پُرامید ہیں۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ مذاکرات جلد مکمل ہوں گے اورکوئی خوشخبری آئے گی، ڈیڈ لائن دینے کا مقصد ٹائم فریم طےکرنا ہے، عدالتی کمیشن کی تشکیل سے متعلق بانی سے مشاورت کریں گے، فریقین راضی ہوں تو کمیشن کی تشکیل میں چیف جسٹس کا کردار نہیں ہوتا۔
حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی کا کہنا ہے ایسا نہیں ہوسکتا پاکستان تحریک انصاف نے کہا اور حکومت کردے، دیکھنا ہوگا کمیشن بن سکتا ہے یا نہیں، ہمارے اتحادی بھی تحریری مطالبات کو اپنے لیڈر شپ کے سامنے رکھیں گے، جو معاملات عدالتوں میں چل رہے ہوں ان پر کم ہی کمیشن بنے ہیں۔
حکومتی کمیٹی کے رکن فاروق ستار کہتے ہیں نہیں لگتا یہ سب پی ٹی آئی کی دی گئی ڈیڈلائن اکتیس جنوری تک مکمل ہوگا۔
یاد رہے مذاکرات کے پہلے دو دور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مطالبات تحریری صورت میں نہ دیےجانے کی وجہ سے ڈیڈلاک کا شکار رہے
خیال رہے مذاکرات اپنی جگہ لیکن حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان سیاسی کشیدگی بھی برقرار ہے اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات اور تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔