لاہور : وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہر سال جنوری میں گندم کی طلب بڑھ جاتی ہے، بزدارحکومت نے دسمبرمیں ہی گندم کا کوٹہ بڑھا دیا تھا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بدنام کرنے کے لیے باقاعدہ سازش کی گئی، بزدار حکومت نے 15 فلور ملز کے لائسنس معطل کیے،15 کروڑ جرمانہ کیا، ایساسافٹ وئیر تیار کیا ہے جس سے فلورملز، ڈیلرز کا چیک اینڈ بیلنس ہوگا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، پنجاب سے کے پی میں آٹے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے چوکیاں قائم کی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ عثمان بزدار نے بڑکیں مارے بغیر، شعروشاعری کے بغیر پنجاب کی خدمت کی، شہباز شریف کا بیٹا اور دیگر رشتےدار بھی عملاً وزیراعلیٰ بنے ہوئےتھے، شہبازشریف اورانکی آل اولاد 56 کمپنیوں کے ذریعے مال بناتے رہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت 5 سال پورے کرے گی، جہانگیر ترین اتحادی دوستوں کو اکٹھا کرنے میں ماہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری برادران ایسی غلطی نہیں کریں گے جس سے حکومت کو نقصان پہنچے۔