ملتان: پاکستان تحریک انصاف حقیقی کے قیام کا اعلان کردیا گیا، چیئرمین راؤ یاسر نے کہا کہ جو یوتھ جیلوں میں ہیں ان کے لیے تحریک چلاؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں آج یاسر راؤ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حقیقی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف حقیقی بہت جلد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ کراؤں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی حقیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت نازک گھڑی سے گزررہا ہے، خان صاحب نے نیا پاکستان کا خواب دکھایا تھا، نیا پاکستان تو بنا نہیں بلکہ بچا کچا بھی ختم کردیں۔
یاسر راؤ نے کہا کہ جو یوتھ جیلوں میں ہیں ان کےلیے تحریک چلاؤں گا اور پورے پاکستان کے یوتھ کو اکٹھا کروں گا۔
انھوں نے 9 مئی واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو ساتھ لے کر چلوں گا جو پاکستان کے ساتھ مخلص ہوں گے۔
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف حقیقی کے قیام کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے ،جب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوا اور پھر مرکزی رہنماؤں نے پارٹی سے الگ ہونے کا اعلان کیا۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما، ٹکٹ ہولڈرز اور سابق وکلاء بشمول فواد چوہدری، شیریں مزاری، فیاض الحسن چوہان، عامر محمود کیانی، سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم، پی ٹی آئی ویسٹ، پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا، کے پی کے سابق وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ ملک، سابق کے پی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر، ایم این اے عثمان ترکئی، پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی اور دیگر پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔