کراچی : پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ پی پی رہنماؤں کو اگر کوئی گھبراہٹ نہیں ہے تو شور کیوں مچارہے ہیں؟ سندھ حکومت اداروں اور افسران کو غلام بنا کر رکھنا چاہتی ہے۔
یہ بات پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حنید لاکھانی نے سعید غنی کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو صوبے میں ایماندار آئی جی کے بجائے اپنے کمدار کی ضرورت ہے۔
اس لیے کہ سندھ حکومت اداروں اور افسران کو غلام بنا کر رکھنا چاہتی ہے، اگر افسران کے تبادلے سے پی پی رہنماؤں کو گھبراہٹ نہیں تو شور کیوں مچارہے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے صوبوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق بل پر رہنما پی ٹی آئی حنید لاکھانی کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم پر تحریک انصاف کا ہمیشہ واضح موقف رہاہے۔
ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحادی ضرور ہے مگران کے سیاسی نظریے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، سندھ حکومت عوامی مسائل سے دھیان ہٹا کرعوام کو گمراہ کررہی ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک خط کابڑاچرچہ ہے جو آئی جی سندھ نے چیف سیکریٹری کولکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کسی کے کہنے پر چل رہے ہیں۔ صوبے میں کس نے آنا اور جانا ہے یہ فیصلہ آئی جی نے نہیں حکومت نے کرنا ہے۔