بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

علی امین گنڈاپور کی عدلیہ سے بانی پی ٹی آئی کے کیسز جلد ختم کرنے کی اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز کو جلد ختم کرے اور میرٹ کی بنیاد پر ان کا فیصلہ کیا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں جیل میں رکھا گیا ہے، اور ان کیسز کو آہستہ چلایا جا رہا ہے تاکہ انھیں لمبے عرصے جیل میں رکھا جا سکے، جس کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو اپنے نظریے اور تحریک سے پیچھے ہٹانا ہے، لیکن ایسا کبھی نہ ہوگا۔

انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے قوم کو جگانے کی تحریک شروع کر رکھی ہے، عدلیہ سے اپیل ہے کہ کیسز کو جلد ختم کیا جائے اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے،

- Advertisement -

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وفاق میں حکومت عوام کا مینڈیٹ چوری کر کے بیٹھی ہوئی ہے، اور ملک میں فسطائیت کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے، کوئی سمجھتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت یا عوام کا عزم کمزور ہوگا تو یہ اس کی بھول ہے۔

وزیر اعلیٰ نے وفاقی بجٹ کو جھوٹا اور فراڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح یہ خود جھوٹے ہیں اسی طرح جھوٹے اعداد و شمار پر مبنی بجٹ پیش کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا ہم نے اعلان کیا تھا کہ ملازمین کی تنخواہیں وفاقی حکومت کے حساب سے بڑھائی جائیں گی، ایک بار پھر مطالبہ کرتا ہوں صوبے کے واجبات اور ضم اضلاع کے فنڈز ادا کیے جائیں، صوبے میں امن و امان اور بے روزگاری کے مسائل درپیش ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے صوبے کی معیشت تباہ ہوئی، صوبے کے نقصانات کا ازالہ ہونا چاہیے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ قوم اب عدلیہ کی طرف دیکھ رہی ہے کہ عدلیہ کب انصاف کرے گی، جنھوں نے توشہ خانہ سے ممنوعہ چیزیں لیں وہ صدر، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ بنے ہوئے ہیں، جن پارٹیوں نے منی لانڈرنگ کی جس کے ثبوت اداروں نے دیے وہ پارٹیاں آج حکومت میں ہیں، کوئی سمجھتا ہے قوم یہ سب کچھ برداشت کر لے گی تو یہ غلط فہمی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں