اسلام آباد کی ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق دو روز ڈی چوک سے گرفتار کی گئی بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو آج ڈیوٹی مجسٹریٹ اسلام آباد اظہر ندیم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے دونوں خواتین کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عدنان کا بھی ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
علیمہ خان، عظمیٰ خان اور عدنان کو کل انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں عدالت نے گرفتار دیگر 105 ملزمان کا بھی ایک دن کا ریمانڈ منظور کر لیا اور انہیں کل اے ٹی سی میں پیش کرنے کا حکم دیا جب کہ دیگر 9 خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا۔