منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

پی ٹی آئی جلسہ، اسلام آباد کے داخلی راستے کنٹینرز لگا کر بند

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ کر رہی ہے تاہم جلسے سے قبل وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر جلسہ عام کر رہی ہے جس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے کارکنان کے قافلے جلسہ گاہ کی جانب رواں دواں ہیں تاہم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

پنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے راستوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے راستے مکمل سیل کر دیے گئے ہیں، جس سے دونوں شہروں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے جب کہ متبادل راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری کھڑی کر دی گئی ہے، تاہم اندرون شہر گاڑیوں کی نقل وحرکت پر پابندی نہیں ہے۔

- Advertisement -

ریڈ زون کے تمام داخلی وخارجی راستے بند کر کے سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ مری، اسلام آباد ٹول پلازہ کے علاوہ مری روڈ، شمس آباد، میٹرو اسٹیشن کے قریب کنٹینرز لگا کر لوگوں کی آمدورفت مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔

پنجاب اور کے پی سے اسلام آباد آنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کو روکنے کے لیے جی ٹی روڈ کے راستوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ فیض آباد،  کھنہ پل، روات ٹی چوک، 26 نمبر چونگی پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔ لاہور سے آنے والے پولیس کے دستے مختلف علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں۔ راستوں کی بندش کے باعث عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

پی ٹی آئی جلسے کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹرو بس سروس بند کی گئی ہے جو صدر اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک بند رہے گی۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے قافلے اور کارکنوں کو صرف جاتلی روڈ اور چیک بیلی روڈ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ وہ چیک بیلی روڈ سے ہوتے ہوئے چکری انٹر چینج اور پھر موٹر وے کا راستہ استعمال کرتے ہوئے سنگجانی پہنچ سکتے ہیں
واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کی ضلع انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دے دی تھی تاہم جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کر دیا گیا تھا۔

جلسے کیلیے جاری این او سی میں بتایا گیا تھا کہ جلسے کے دوران کاروبار یا سڑک بلاک نہیں ہوگی، جب کہ جلسہ شام 4 بجے شروع ہو کر 7 بجے ختم ہوگا۔

این او سی کے مطابق منتظمین اندرونی سیکیورٹی کے خود انتظامات کریں گے اور ذمہ دار ہوں گے، شرکا جلسے کے علاوہ کسی اور جگہ نہیں جائیں گے، شرائط کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔

دریں اثنا گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کل بروز اتوار ہونے والے جلسے سے متعلق اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے وقت کی پابندی کرنا ہوگی اور جلسے میں اسٹیج پر آنے والے مہمانوں کی فہرست فراہم کرنا ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ پی ٹی آئی نے شرائط کی خلاف ورزی کی تو منتظمین کے خلاف ایکشن ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں