خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے ن لیگ کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف پر قوم کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف پر قوم کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ہم کون سا این آر او مانگ رہے ہیں؟
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہمارا لیڈر عمران خان اور سینئر قیادت تو جیلوں میں ہے۔ این آر او تو وہ مانگتے ہیں جن کے لیڈر جیل سے نکل کر دس سال سعودی عرب میں کھجوریں کھاتے اور پھر واپس جاتی امرا اتر جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف خود ایک فکسڈ آدمی ہے۔ وہ اگر فکسڈ نہ ہوتا تو اقتدار کے بجائے جیل میں ہوتا۔ جب تک اس حکومت کا خاتمہ نہیں ہوتا، تب تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
ترجمان کے پی حکومت نے برطانوی اخبار کا دعویٰ قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں برطانوی اخبار نے کس بنیاد پر ڈیل کے حوالے سے دعویٰ کیا۔ وفاقی حکومت کی کوئی آئینی وقانونی حیثیت ہی نہیں جس سے بات کریں۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ امریکی قونصل جنرل سے پاکستان اور خطے کی سیاست پر بات ہوئی۔ امریکی کانگریس نے بانی پی ٹی آئی سے ناروا سلوک کی مذمت کی تھی کیونکہ امریکا کو پتہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ ظلم اور زیاتی ہو رہی ہے۔ لازمی بات ہے کہ ملاقات میں یہ سارے معاملات موضوع بحث رہے ہیں۔