ایبٹ آباد : خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر خوراک قلندر خان کے انتخابی حلقے کے لوگوں نے انہیں راستے میں روک تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی اور گاڑی کو نقصان پہنچایا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک قلندر خان تین سال مین پہلی مرتبہ اپنے انتخابی حلقے گئے تو احتجاج کے لیے پہلے سے موجود لوگوں نے گاڑی کا گھیراؤ کیا پتھراور ڈنڈے برسائے جس کے باعث صوبائی وزیر معمولی زخمی بھی ہو گئے۔
پولیس اور مقامی لوگوں نے صوبائی وزیر خوراک قلندر خان کی گاڑی کو مشتعل افراد کے گھیراؤ سے با مشکل نکالا جس کے بعد صوبائی وزیر کا قافلہ جلسے کے لیے روانہ ہو گیا ۔
اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے اشفاق احمد خان نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک کو جلسے میں شرکت کے لیے ایبٹ آباد کے نواعی علاقے سے گذرنا تھا جس کی اطلاع پاکر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد وہاں پر جمع ہو گئی اور جیسے وزیر موصوف کیا گاڑی پہنچی مظاہرین نے گاڑی کو روک لیا۔
اے آر وائی نیوز کے رپورٹرز نے مزید بتایا کہ مظاہرین نے صوبائی وزیر کی گاڑی پر پتھراؤ کیا اور لاتیں ماریں جس کی وجہ سے قلندر خان معمولی زخمی ہوگئے تاہم ایس ایس پی ایبٹ آباد نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا اور وزیر کو جلسے کے لیے روانہ کردیا۔
صوبائی وزیر قلندر خان نے اے آر وائی رہورٹرز اشفاق خان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مکمل خیریت سے ہیں اور احتجاج کرنا عوام کا بنیادی حق ہے تاہم اسے تشدد سے پاک ہونا چاہیے۔