اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت اور وزارتِ قانون کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون منظور ہونے سے حقیقی تبدیلی کا خواب پورا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےبنی گالہ میں وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت نے وزیراعظم عمران خان کو وزارت کی کارکردگی پربریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب حکومت مفاد عامہ کی قانون سازی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے لیے کمر کس لی، پنجاب رہنماؤں کو اہم ہدایت
انہوں نے کہا کہ ’آپ کی قیادت میں ملک کروناکےخلاف جنگ جیت رہاہے، کرونا کے خلاف جنگ میں بھی پنجاب کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے، حکومت وزیراعلیٰ کی قیادت میں کرپشن پر قابو پاکر صوبے کی ترقی کو ممکن بنارہی ہے‘۔
وزیراعظم عمران خان نےپنجاب حکومت اور وزارتِ قانون کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون منظور ہونے سے حقیقی تبدیلی کا خواب پورا ہوگا، وفاق گڈگورننس کیلئے پنجاب حکومت سے اپنا تعاون جاری رکھےگا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام محکمے اور ادارے تحریک انصاف کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھیں۔