جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

حکومت سازی کے عمل میں میرٹ کو مدِ نظر رکھا جائے گا، بابر اعوان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت سازی کے عمل میں میرٹ کو مدِ نظر رکھیں گے اور تمام تعیناتیاں میرٹ ہی پر کی جائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ حکومت سازی کے عمل میں میرٹ پر تعنیاتی ہی عمران خان کا ایجنڈا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں جو چیلنجز در پیش ہیں ان پر ماہرین کی رائے لی جا رہی ہے، بڑے فیصلوں پر اتحادیوں سے بھی مشاورت ہو رہی ہے۔

ممتاز قانون دان بابر اعوان نے کہا ’پی ٹی آئی کی حکومت اور وزیرِ اعظم دوسروں سے مختلف ہوں گے، وزیرِ اعظم وزرا کالونی میں رہیں گے، حلف برداری کے دن عمران خان کی جانب سے ڈنر دیا جائے گا۔‘

انھوں نے کہا کہ اقتدار کی منتقلی کے بعد حکومت وقت ضائع نہیں کرے گی، پوری دنیا کو امید ہے کہ اب پاکستان معاشی طور پر اوپر آئے گا۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ خرچے کم کرنے پر کسی حکومت نے توجہ نہیں دی، اخراجات میں کمی عمران خان حکومت کا پہلا فوکس ہوگا، ہم اخراجات پر پورا کنٹرول رکھیں گے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں میڈیا کا بہت بڑا کردار ہوگا کیوں کہ میڈیا مسائل کی نشان دہی کر کے حکومت کے سامنے رکھتا ہے، پی ٹی آئی حکومت میں میڈیا پر سب کہا اور دکھایا جائے۔

عمران خان 18اگست کو وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے


صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بابر اعوان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ڈپٹی اسپیکر پر مشاورت مکمل ہو چکی ہے، عمران خان جلد اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ بابر اعوان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انھیں چوہدری سرور کو گورنر پنجاب نامزد کیے جانے کے بعد سینیٹ کی خالی سیٹ پر پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ انھیں وفاقی وزیرِ قانون بنایا جائے گا، وہ پیپلز پارٹی کے دور میں بھی وفاقی وزیرِ قانون رہ چکے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں