کراچی: تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے 30 سے 35 ایم پی ایز ہمارے ساتھ ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 30 سے 35 ایم پی ایز ناراض ہیں اور وہ ہمارے ساتھ ہیں۔
خرم شیر زمان کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کو گوٹھ میں بدل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ہی نہیں اندرون سندھ بھی صورتحال بگڑی ہوئی ہے، کراچی سمیت اندرون سندھ میں بھی لوگوں کو مسائل کا سامنا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کے خلاف وفاق نے سازش کرنا ہو تو دو دن کی بات بھی نہیں ہے، کراچی سے متعلق کوئی غیرآئینی یا قانونی راستہ نہیں اپنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان پورے پاکستان کے وزیراعظم ہیں، عوام وزیراعظم اور ہم سے سوال پوچھتے ہیں کہ کراچی پر توجہ کب دیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ کراچی ہی نہیں پورے سندھ کا برا حال ہے، کراچی سے متعلق آئینی آپشن وفاق کے پاس موجود ہے، انشا اللہ جلد سندھ کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔