منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

فیصل واوڈا نے سانحہ بلدیہ کیس میں فریق بننے کا اعلان کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا نے سانحہ بلدیہ کیس میں فریق بننے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’میں سانحہ بلدیہ کیس میں فریق بننے جا رہا ہوں۔‘

تفصیلات کے مطابق فیصل واوڈا اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت کرے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آج کا دن بہت بھاری دن ہے، یہ دن قائد اعظم کی رحلت کا دن ہے، ٹوئن ٹاور کا واقعہ بھی اسی دن ہوا، سانحہ بلدیہ فیکٹری بھی اسی دن سے جڑا ہے اور آج بیگم کلثوم کا بھی انتقال ہوا۔

فیصل واوڈا نے سانحہ بلدیہ فیکٹری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے میں 250 لوگ مار دیے گئے اور ابھی تک اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اس پر بھی آواز اٹھنی چاہیے۔

تحریکِ انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ بلدیہ فیکٹری کے سانحے کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ اس سانحے میں کون ملوث تھا، لیکن اس پر کوئی آواز نہیں اٹھ رہی ہے۔


یہ بھی پڑھیں:  سانحہ بلدیہ کو چھ سال بیت گئے، مقدمہ آج بھی عدالت میں زیر سماعت ہے


فیصل واوڈا نے اعلان کیا کہ وہ سانحہ بلدیہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کیس میں فریق بنیں گے اور عدالت کو درخواست دیں گے۔

واضح رہے کہ آج اس سانحے کو چھ سال مکمل ہو گئے ہیں، اس پر جے آئی ٹی بنی، تحقیقات میں پیش رفت کے دعوے کیے گئے، تاریخ پر تاریخ کے باوجود متاثرین کو آج تک انصاف نہ مل سکا۔

11 ستمبر 2012 کو بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آتش زدگی سے خواتین سمیت 260 مزدور زندہ جل گئے تھے، بعد میں انکشاف ہوا کہ ایک سیاسی جماعت نے بھتہ نہ ملنے پر فیکٹری کو آگ لگائی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں