کراچی : پی ٹی آئی کراچی کے مرکزی رہنما اشرف جبار قریشی نے کہا ہے کہ میڈیا اپنی آنکھ سے دیکھا ہوا سب قوم کو دکھا رہا ہے مگر حکومت کا شرم نہیں آرہی۔
انصاف ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا اس وقت اپنی بھرپور ذمہ داری نبھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی اور عجلت میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے گئے۔
اشرف جبار قریشی نے کہا کہ اس شہر کے بلدیاتی ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، کراچی پر نااہل اور نالائق ایڈمنسٹریٹر مسلط کردیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس دفعہ بارشوں میں تباہی کی تاریخ رقم کردی گئی ہے۔ ہم نے عدالت میں استدعا کی تھی کہ بیلٹ پیپرز تقسیم ہونے کے بعد الیکشن کرادیے جائیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ بیلٹ پیپرز کہاں ہیں؟ کس کے پاس ہیں، ہم نے پورے کراچی کا دورہ کیا ہے اس وقت شہر کا کوئی مقام ایسا نہیں جہاں تباہی کہ ہو۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اس شہر کے ساتھ مسلسل ظلم ہورہا ہے، ہم ذاتی طور پر کس حد تک کام کریں؟ ہم جو کرسکتے تھے وہ کام کیے۔
اشرف جبار قریشی نے کہا کہ پورے شہر کراچی کے لیے نمائندے چاہئیں اور بااختیار بلدیاتی نظام چاہیے عدالتوں کو اندھیرے میں رکھا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن کا تعلق عوام کے بنیادی مسائل سے ہے، شہر پر ایک سیاسی ایڈمنسٹریٹر لا تسلط ہے جس کا کام صرف فنڈز کی ہیرا پھیری کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے بھی الیکشن سے پہلے الیکشن ملتوی کرائے اوراگلی کوئی تاریخ بھی نہیں دی۔
انہوں نے بتایا کہ مہم پر ہمارے چئیرمین کے اخراجات ہورہے ہیں، مخالفین پی ٹی آئی کی مقبولیت دیکھ کر کیوں پریشان ہیں۔ اب تک عمران ٹائیگرز کیلئے ڈھائی لاکھ لوگوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے۔