کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے ضمنی الیکشن فوج اور رینجرز کی زیرِ نگرانی کرانے کا مطالبہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بلدیاتی نمائندے ضمنی الیکشن میں کام کر کے الیکشن پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ’بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات معطل ہونے چاہئیں، یہ نمائندے ضمنی الیکشن میں کام کر رہے ہیں۔‘
[bs-quote quote=”ترقیاتی کاموں کے ذریعے ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہوا جا رہا ہے: پی ٹی آئی رہنما” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
پی ٹی آئی رہنما نے الزام لگایا کہ ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی عملہ بھی سیاسی بنیاد پر لگایا جا رہا ہے، سندھ حکومت کی مشینری ضمنی انتخاب میں کام پر لگی ہوئی ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات صاف شفاف اور اچھے ماحول میں ہوئے، تاہم سندھ حکومت اب ضمنی الیکشن پر اثر انداز ہو رہی ہے اس لیے الیکشن فوج اور رینجرزکی نگرانی میں کرائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوں گے
تحریکِ انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ ایس ایچ اوز کی تعیناتی بھی سیاسی بنیاد پر ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ای سی پی اپنی آگاہی مہم میں ناکام ہو گیا ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ عوام کو معلوم نہیں کہ ضمنی الیکشن کیوں ہو رہے ہیں، حکومت سندھ ترقیاتی کاموں کے ذریعے مداخلت کر رہی ہے، مطالبہ ہے ضمنی الیکشن میں رینجرز اور آرمی کو تعینات کیا جائے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 14 اکتوبر کو ہوگی۔