لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان کہاں رہیں گے، اس کا فیصلہ ایک دو دن میں ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیرِ اعظم ہاؤس میں نہیں رہیں گے، ایک دو دن میں فیصلہ ہو جائے گا کہ وہ کہاں رہیں گے۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان کہاں رہیں گے اس کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے، کچھ لوگوں کی تجویز تھی کہ اسپیکر ہاؤس میں رہا جائے، تاہم انھوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس کے علاوہ کہاں رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دراصل پاکستان سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے، ہماری حکومت میں اخراجات کم کرے گی، اس پر تو سب کا اتفاق ہے کہ ملک میں فضول خرچی انتہا کو پہنچ چکی ہے، ہم پہلے ہی ہفتے سے انقلابی اقدامات اور بڑے ترقیاتی کام کریں گے۔
اے پی سی: ایوان کے اندر اور باہر احتجاج، وزارتِ عظمیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ
نعیم الحق نے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کو جمہوریت کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہی چاہتے ہیں کہ ملک آگے بڑھے، اپوزیشن کی طرف سے پارلیمنٹ میں آنے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے، تاہم اپوزیشن ایک طرف پارلیمنٹ میں آنے کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف الیکشن کو مسترد کرنے کی بات بھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے پاس اسپیکر کے لیے نمبرز پورے ہیں، شیری رحمان کا بیان حقائق کے منافی ہے۔ خیال رہے کہ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ان کے پاس قومی اسمبلی کی سیٹیں زیادہ ہیں اس لیے اسپیکر وہ لائیں گے۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر پارلیمنٹ میں بات کرنی چاہیے، پارلیمنٹ خود مختار ادارہ ہے وہ کارروائی کر سکتی ہے، احتجاج برائے احتجاج نہیں ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ آج اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کے اندر اور باہر دونوں جگہ احتجاج کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔