منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

‘ پنجاب ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں کریں گے ‘

اشتہار

حیرت انگیز

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا امتحان ہے، ضمنی الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں کرینگے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات الیکشن کمیشن کے لیے امتحانات ہیں اگر دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں کریں گے، شفاف الیکشن نہیں کرائیں گے تو عام انتخابات میں لوگوں کا اعتماد اٹھ جائیگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حمزہ شہباز نے چند سیٹوں کیلئے دھاندلی کی تو سیاسی نظام درہم برہم ہوجائیگا، ن لیگ کے ٹکٹوں پر پنجاب میں لوگ خوش نہیں ہیں، مسلم لیگ ن میں ہلچل ہے اور ان کے ورکرز بھی مطمئن نہیں ہیں، ن لیگ کو شیر کی بجائے لوٹے کا نشان دیا جائے۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے پاس معیشت کی بحالی کا ایجنڈا نہیں ہے، یہ اندھیرے میں ہاتھ مار رہے ہیں، ان کی بے بسی کا عالم سب کے سامنے ہے، شہباز شریف نے بیان دیا ہم نے سیاست کو نہیں ریاست کو بچایا ہے، انہوں نے کیسز سے نجات پانے کے لیے اقتدار حاصل کیا، انہوں نے نیب کو دفن کیا ہے اور ان کا ایجنڈا بھی ذاتی ہے قومی نہیں۔

شاہ محمود نے کہا کہ موجودہ حکومت مہنگائی کو قابو کرنے میں مکمل ناکام ہے، پٹرول کی قیمت بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا، 10 فیصد سپر ٹیکس بینکنگ ٹرانسزکشن، سیمنٹ فیکٹری، چینی انڈسٹری، آئل اور گیس کمپنیوں پر لاگو ہوگا، یہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کر چکے ہیں، اگست میں فی یونٹ بجلی کا ریٹ 21 روپے، ستمبر میں 24 اور اکتوبر میں فی یونٹ 25 روپے تک ہوجائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ عمران خان ہفتے کے روز لاہور آئیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں