کراچی: پی ٹی آئی کی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، کیس کا فیصلہ 31 اگست کو سنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق زہرہ شاہد قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
مقتول زہرہ شاہد کے قتل کا یہ کیس کراچی کی عدالت میں پانچ سال سے بھی زائد عرصہ چلا، متعدد سماعتوں اور فریقین کے دلائل کے بعد آخر کار عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جسے 31 اگست کو سنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کو عام انتخابات کے چند روز بعد 18 مئی 2013 کو اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ کلفٹن میں اپنے گھر جا رہی تھیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان نے زہرہ شاہد کے قتل کا الزام ایم کیو ایم پر عائد کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ زہرہ آپا کو انتخابات میں ایم کیو ایم کی دھاندلی کے خلاف احتجاج کی وجہ سے قتل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے
رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران زہرہ شاہد کے قاتلوں کلیم، راشد ٹیلر، زاہد عباس اور عرفان عرف لمبا کو گرفتار کیا، قاتلوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔