اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی لیڈرشپ نے شیر افضل کے گرفتار ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کیلئے پارلیمنٹ میں پناہ لےلی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت لیڈرشپ پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہے، پی ٹی آئی رہنما اپوزیشن لیڈر چیمبرز بند ہونے کے باعث سروس برانچ میں بیٹھے ہیں، بیرسٹر گوہر اور دیگر پی ٹی آئی ارکان کا مشاورتی اجلاس جاری ہے۔
پی ٹی آئی رہنما ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلئے حکمت عملی پر غور کررہے ہیں، بیرسٹر گوہر کے علاوہ زین قریشی، شیخ وقاص اکرم، حامد رضا و دیگر ارکان پارلیمنٹ کے اندر موجود ہیں۔
اس موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی ارکان کی اسپیکر سے رابطے کی کوشش ناکام ہوگئی، پی ٹی آئی ارکان نے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں جانے کی کوشش کی، تاہم اپوزیشن لیڈر چیمبر کو لاک کر دیا گیا۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ قومی اسمبلی کے منتخب ممبران کو اس طرح گرفتارکرنے کی مذمت کرتے ہیں، جتنی گرفتاریاں کر لیں ڈرنے والے نہیں ہیں، 70 سالوں میں کبھی اس طرح کی انتقامی کارروائی نہیں ہوئی۔
دریں اثنا اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کو بھی گرفتارکرلیا ہے، شعیب شاہین کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔