سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد پر چھوڑ کر گئی تھی یہ منفی میں لے گئے، آئی ایم ایف وفد کی ملاقاتیں غیرمعمولی ہے۔
اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا وفد جس طرح ملاقاتیں کررہا ہے وہ غیرمعمولی ہے سوال اٹھتا ہے۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ گزشتہ 7 ماہ میں ایک فیصد بھی جی ڈی پی گروتھ نہیں ہوئی، حکومت نے 5 فیصد تک جی ڈی پی گروتھ کا ہدف مقررکیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوئی ہے مہنگائی کم نہیں ہوئی، عوام سے پوچھ لیں پی ٹی آئی دور سے زیادہ چیزیں مہنگی ہیں۔
مشیر وزارت قانون بیرسٹرعقیل ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے اور کارکردگی کی جانچ کررہا ہے۔
بیرسٹرعقیل ملک کا عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کے دورے کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد دیکھ رہا ہے کہ حکومتی اقدامات کس حد تک کارگر ثابت ہوئے، آئی ایم ایف وفد نے دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔