اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جانوروں اور سیاسی جماعتوں کے علاج کے بیان پر ردعمل دے دیا۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جانوروں کے ساتھ کچھ سیاسی جماعتوں کا علاج کرنا ہے، وہ دھمکیاں دے رہی ہیں پہلے جو کیا وہ کم تھا؟ لوگوں کو گھروں سے اٹھانا اور کاروبار بند کرنا یہی علاج مریم نواز کرنا چاہتی ہیں۔
مذاکرات کے حوالے سے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کی وجہ سے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے کیونکہ وہ بار بار کہہ رہی ہے کہ مطالبات لکھ کر دیں، مطالبات لکھ کر دینے میں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن ہمارا مطالبہ تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی تصاویر ایڈٹ کر کے وائرل کرنے والے ہو جائیں خبردار!
انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کی اپنی قائدین تک پہنچ ہے ہماری نہیں، ہماری ساڑھے 3 ماہ سے عمران خان تک سیاسی رسائی نہیں ہے، ملاقات کی اجازت نہ ملی پھر بھی بانی پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات کی ہدایت کی، مذاکرات کی تیسری نشست میں مطالبات تحریری طور پر دے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سنگجانی کا جلسہ مؤخر کروانے کیلیے صبح جیل کھلوا دی گئی تھی تو اب کیوں نہیں کھل سکتی؟ حکومت ایک ملاقات نہیں کروا سکتی تو مطالبات کیسے مانے گی؟
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ یہ کون سا جیل مینول ہے کہ اخبارات دیے نہیں جاتے نہ ٹی وی تک رسائی ہے؟ ملک کی بڑی پارٹی کے قائد کو دہشتگردوں کے ڈیتھ سیل میں رکھا ہوا ہے، کورٹ آڈر کے باوجود عمران خان کی بچوں سے بات نہیں کروائی جا رہی، نواز شریف جیل میں تھے تو شیف آتا تھا کہ کھانے میں کیا کھائیں گے۔
یاد رہے کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ منہ اور کھر کی بیماری جانور ہی نہیں بلکہ انسانوں کو بھی ہوتی ہے، ہم نہ صرف جانوروں بلکہ کئی سیاسی جماعتوں کی بیماریوں کا بھی علاج کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈولتی معیشت اب سنبھلنے لگی ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے چھہتر سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، شہباز حکومت میں اچھی خبریں آنے لگی ہیں، عوام کو پنجاب حکومت کے منصوبوں کا ثمر ملنا شروع ہوگیا، جو کچھ ہو سکا پنجاب کے عوام کیلیے کریں گے۔