ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

عمران خان کی زیرِ صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس، حکومت سازی اور کابینہ اراکین کے ناموں پرغور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: بنی گالہ میں پاکستان تحریکِ انصاف کا مشاورتی اجلاس عمران خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں حکومت سازی اور کابینہ اراکین کے ناموں پر غور کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں حکومت سازی کے متعلق مشورے کیے گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ علی زیدی کو آئی ٹی کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔

کراچی سے عمران اسماعیل کی گورنر سندھ بننے کے لیے بھاگ دوڑ شروع ہو گئی ہے، ثمرعزیز، نعیم الحق اور عقیل کریم ڈھیڈی کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کا نام فائنل نہیں ہوا تاہم پشاور میں اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ انھوں نے کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کا نام منتخب کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے علیم خان کے ساتھ یاسمین راشد کا نام بھی مضبوط امیدوار کے طور پر لیا جا رہا ہے، فیاض الحسن چوہان پنجاب کے وزیرِ اطلاعات ہوں گے۔

عمران خان کی نواز شریف کے لیے دعا


تحریکِ اںصاف کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کے لیے جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی، واضح رہے کہ نواز شریف کو صحت کی خرابی کے باعث اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال کے خصوصی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بابر اعوان کی پریس کانفرنس اور فیصل واوڈا کی عمران خان سے ملاقات


تحریکِ انصاف کے مرکزی سینیئر نائب صدر اور ممتاز قانون دان بابر اعوان نے کہا ہے کہ مرکز، کے پی اور پنجاب میں تحریکِ انصاف حکومت بنائے گی۔

بابر اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں، بلوچستان میں مخلوط حکومت قائم کی جائے گی۔

عمران خان نے 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کا اعلان کر دیا

دوسری طرف کراچی کے رہنما فیصل واوڈا نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتِ حال اور مرکز میں نمبر گیم پر مشاورت کی گئی۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات تاخیر کا شکار


پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنماؤں میں ملاقات تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، ایم کیو ایم نے کراچی کے آٹھ حلقوں میں تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لیے بڑا ترقیاتی پیکج، سول اداروں کا کنٹرول اور ترقیاتی اخراجات کا اختیار شہری حکومت کو دیا جائے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں