اسلام آباد: وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی حکومت میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو غلط قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کرانے پر حکومتی ٹیم نے آج مشاورت کی ہے، حکومتی ٹیم ممبر کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی دوسری میٹنگ میں طے باتوں پر عمل درآمد کرائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری میٹنگ میں سب سے اہم بات یہ ہوئی تھی کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کرائی جائے گی، اس پر وہ آن بورڈ ہیں اور سب نے کہا کہ انھوں نے جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کیا جائے گا، ممکن ہے کہ کل یا پرسوں بانی سے کمیٹی کی ملاقات کروائی جائے۔
ذرائع کے مطابق دوسری میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے رانا ثنا کی گرفتاری کو غلط قرار دیا، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ماضی میں ہم آپ کے پیچھے پڑے تھے اور اب آپ ہمارے پیچھے پڑے ہیں، انھوں نے کہا رانا ثنا کی گرفتاری غلط تھی اب ہمارے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔
علی امین نے کہا ہمیں یہ چیزیں چھوڑ کر سیاست کی طرف آنا ہے اور سیاسی حل تلاش کرنا ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور مشیر رانا ثنا نے حیران ہو کر وزیر اعلیٰ کے پی کا شکریہ ادا کیا۔
دریں اثنا، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں ترجمان مذاکراتی کمیٹی صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے مذاکراتی ٹیم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے، اس سلسلے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے دیکھنا ہے وہ اسے کتنی سنجیدگی سے لیتے ہیں، پی ٹی آئی سیاسی و کور کمیٹی مذاکراتی عمل میں آن بورڈ ہے۔