نوشہرہ : پی ٹی آئی کے دس اراکین اسمبلی نے ووٹ بیچنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے چیف جسٹس سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخاب میں ووٹ بیچنے کے الزام کا سامنا کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی بھی میدان میں آگئے۔
نوشہرہ میں پریس کانفرنس میں الزامات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جھوٹے الزام پر عمران خان نے ہم سے معافی نہ مانگی تو انصاف کے حصول کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔
پریس کانفرنس کرنے والوں میں وزیر اعلیٰ کے پی کے مشیر عبدالحق، قربان علی خان، وجیہ الزمان، یاسین خلیل اورنسیم حیات کے علاوہ دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تین مارچ سے ہم پر الزام تراشی کا سلسہ شروع کیا گیا، عزت اچھالنے کے بعد شوکاز نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی، عمران خان نے15دن میں معافی نہ مانگی تو عدالت جائیں گے، قربان علی خان نے پارٹی شوکاز نوٹس کو پریس کانفرنس میں پھاڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں خود چیف جسٹس سے اس معاملے کے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتاہوں، سینیٹ انتخابات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔
اس کے علاوہ وجیہ الزمان، یاسین خلیل اور نسیم حیات نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جنہوں نے پیسے لئے وہ لوگ پرویز خٹک کے ساتھ بیٹھے ہیں، عمران خان اور پرویز خٹک کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، وزیراعلیٰ اوراسپیکر اسمبلی نے خود رقم کی آفر کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی پارٹی کے 20 اراکین کو سینیٹ میں ووٹ بیچنے کے الزام میں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔