کراچی : وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے پی ٹی آئی کے بدلنے کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہیں بدلے، دیگر پارٹیوں سے لوگ بدل کر پی ٹی آئی میں آئے۔
تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے 2000 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی، جب کہ پارٹی میں شمولیت سے پہلے ہی عمران خان کو اسٹیٹس کو کے خلاف بات کرتے دیکھا۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نظام تبدیلی کی باتیں سن کر ایسا لگتا تھا کہ یہ بس خواب ہے، آج وہ اسی کی کوشش کر ر ہے ہیں، ہم 4 سال نہیں مزید 9 سال تک کہیں نہیں جا رہے۔
یہ بھی پڑھیں: میاں صاحب کی بیماری کے ڈرامے کا کلائمکس آن پہنچا: فردوس عاشق اعوان
مختلف ارکان کی پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ نواز شریف خود تحریک استقلال سے مسلم لیگ میں آئے، جب کہ حاکم زرداری بھٹو کو گالیاں نکالتے تھے، نثار کھوڑو نے بھٹو کی پھانسی پر لاڑکانہ میں مٹھائیاں بانٹی تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی میں کوئی اگر ہمارے منشور میں آتا ہے تو کوئی پابندی نہیں، ہم نہیں بدلے، دیگر پارٹیوں سے لوگ بدل کر پی ٹی آئی میں آئے، بہتر ہے پی پی نظریات کی بات ہی نہ کرے۔