کراچی: کوٹری میں چینی کی 1 لاکھ سے زائد بوریاں پکڑے جانے کے معاملے پر پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ چینی کی بوریاں برآمد کرنا بڑی کامیابی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے جو وعدہ کیا پورا کیا، سندھ حکومت بھی اپنا کردار ادا کرے اور ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کیا جائے۔
راجہ اظہر نے مطالبہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے، ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصراب نہیں بچ سکتے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر چینی مافیا، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن جاری ہے، گزشتہ روز سندھ کے علاقے کوٹری میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سب سے بڑی کارروائی کی گئی، جس میں 1 لاکھ سے زائد چینی کی بوریاں برآمد کی گئی تھیں۔
ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی، 1 لاکھ سے زائد چینی کی بوریاں برآمد
جب کوٹری میں ہائی ٹیک مل پر اے ڈی سی شوکت علی اجن کی نگرانی میں چھاپا مارا گیا تو گودام سے چینی کی ایک لاکھ سے زائد ذخیرہ کی گئی بوریاں برآمد ہوئیں، ہائی ٹیک مل کو ڈپٹی کمشنر کے حکم پر سیل کر دیا گیا، معلوم ہوا کہ ہائی ٹیک مل کے مالک حسیب شیخ ولد حبیب شیخ ہے، جو خیرپور میرس کا رہایشی اور ڈی آئی جی حیدر آباد نعیم شیخ کا بھانجا ہے۔
ہائی ٹیک مل مالک حسیب شیخ اور پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان پارٹنر ہیں، حسیب شیخ کا والد محکمہ ورکس کراچی میں افسرتھا، نیب کا کیس بھی تھا، والد حبیب شیخ کو پلی بارگین کے بعد رہائی ملی تھی۔