اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے کاررنامے ایسے ہیں کہ انہیں ساری عمر جیل میں ہی گزارنی پڑے گی۔
آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’پیپلزپارٹی اور آصف علی زرداری کا دور ختم ہوچکا، ان کی جڑیں عوام میں کمزور پڑ چکیں‘۔
نعیم الحق کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کرنے والوں نے قوم کو حساب ضرور دینا ہے، ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا جائے گا، آصف زرداری کے سیاہ کارنامےایسے ہیں کہ ساری عمرجیل میں گزارنی پڑے گی۔
جیل جانے سے ڈر نہیں لگتا، زرداری
قبل ازیں ٹنڈو آلٰہ یار میں پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں ہردور مذاق ہوا اور عجیب کہانیاں لکھی گئیں، ایوب خان نے اپنے دور میں بنیادی جمہوریت کا ڈرامہ کیا گیا جس کے خلاف ذوالفقار علی بھٹو نے آواز اٹھائی اور انہیں سزا دی گئی۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ چھوٹے چھوٹے ممالک نے ترقی کا سفر طے کرلیا مگر ہم مسائل سے باہر ہی نہ نکل سکے، اگر شفاف الیکشن ہوتے تو وزیراعظم میں خود بھی نہیں ہوتا، رہنماؤں کو پسند نہ پسند کرنے کا اختیار صرف عوام کو ہونا چاہیے۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے حکومتی کارکردگی پر تنقید کی اور ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ہمیں قبل ازوقت الیکشن کا اشارہ ملا جس کے لیے تیاری شروع کردی، آئندہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے‘۔
آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ترقی نہ ہونےکی ذمےداری سیاستدانوں سمیت سب کی ہے۔
سابق صدر نے آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور کہا کہ ’دہشت گردحملے میں شہید ہونے والے قومی ہیرو ہیں، انتہا پسندی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔