اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹی کو تاحال اڈیالہ جیل میں قید اپنے بانی عمران خان سے ملاقات کیلیے گرین سگنل نہ مل سکا۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کی جانب سے تاحال عمران خان سے ملاقات سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا، کمیٹی ان سے ملاقات میں تحریری مطالبات پر مشاورت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ خلاف آتا ہے تو اثرات مذاکرات پر پڑیں گے، حامد رضا
یاد رہے کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کو عمران خان سے ملاقات کا اہتمام کروانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔
دوسری جانب، عمران خان کی لیگل ٹیم کے ممبر خالد یوسف چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کیلیے 6 جنوری 2025 کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے، یہ ہمارے خلاف کیس ہے لیکن ابھی تک بتایا نہیں گیا کہ فیصلے کی تاریخ تبدیل ہو چکی ہے۔
خالد یوسف نے کہا کہ عدالتی عملے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی نہیں بتایا گیا کہ تاریخ تبدیل ہو چکی ہے، سوشل میڈیا پر ہم دیکھ رہے ہیں شاید فیصلہ سنانے کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ بھی چل رہا ہے کہ 10 سے 12 دن بعد فیصلہ آئے گا۔
گزشتہ روز صاحبزادہ حامد رضا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں کہا تھا کہ اگر 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ خلاف آتا ہے تو ظاہر ہے اثرات مذاکرات پر پڑیں گے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا تھا کہ عمران خان ہماری جماعت کے قائد ہیں ان سے مشاورت کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے لیکن ان سے مشاورت کیلیے ہمیں وقت درکار ہے، حکومت سے مطالبہ کیا عمران خان سے تفصیلی مشاورت کرنے دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسکرانے کی بات اس لیے کی ہے کہ عمران خان جلد باہر آ رہے ہیں، ان کی رہائی پاکستان کے قانون کے مطابق ہوگی، وہ خود بھی واضح کہہ چکے ہیں کہ بیرونی مداخلت قبول نہیں کریں گے۔
’آئین و قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا تو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں کچھ بھی نہیں، اگر کیس کا فیصلہ خلاف آتا ہے تو ظاہر ہے اثرات مذاکرات پر پڑیں گے۔‘