بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بلے کے نشان پر ضمنی انتخاب لڑنے سے روک دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بلے کے نشان پرضمنی انتخاب لڑنے سے روک دیا، تحریک انصاف پر یہ پابندی انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے کے باعث عائد کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات کے لئے بلے کا انتخابی نشان الاٹ کرنے سے انکار کر دیا، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کے لئے انٹرا پارٹی الیکشن کروانا ضروری ہے، قوانین کے تحت انتخابی نشان کے لیے انٹرا پارٹی انتخاب لازم ہے۔

انٹرا الیکشن کی تفصیلات جمع کرانے تک نشان الاٹ نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن کی جانب سے موقف میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے23 مارچ تک انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرانی تھیں۔ تاہم پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانے میں ناکام رہی ہے، الیکشن کی تفصیلات جمع کرانے تک نشان الاٹ نہیں ہوگا۔

انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے کے باعث پی ٹی آئی پی پی 23 چکوال، پی ایس 81 سانگھڑ اور پی کے 82 کوہستان میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ اب پی ٹی آئی امیدوار بلے کے نشان پر انتخاب میں حصہ نہیں لے سکیں گے اور پی ٹی آئی کو آزاد حیثیت میں اپنے امیدوار کھڑے کرنا ہوں گے۔

یاد رہے کہ پی پی 23 چکوال میں 18 اپریل کو ضمنی الیکشن کیلئے عمران خان نے اتوار کو جلسہ کیا تھا مگر ان کے امیدوار کو پارٹی کا انتخابی نشان الاٹ نہیں کیا گیا ۔

دریں اثنا پارٹی نشان الاٹ نہ کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ جانے کافیصلہ کر لیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عمران خان کو چکوال میں جلسہ کرنے پر نوٹس جاری کردیا ہے، عمران خان کو چکوال میں جلسہ کرنے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں